کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے اسلام آباد میں طیاروں کے ’’چیک مینٹیننس‘‘ کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) سے ایک اور منظوری حاصل کر لی۔اسلام آباد میں پی آئی اے کی انجینئرنگ کی سہولت میں اضافہ کے ساتھ، پی آئی اے اب اسلام آباد میں A320 کے بعد اب بوئنگ 777 طیارے پر چیک A مینٹیننس کرنے کے قابل ہو گیا ہے۔پی آئی اے نے اسلام آباد میں گراؤنڈ بوئنگ 777 طیارہ پر چیک-A کامیابی کے ساتھ سرانجام دیا۔مرمت اور دیکھ بھال کی سرگرمیاں اسلام آباد ائیرپورٹ پر نئے تعمیر شدہ مینٹیننس ہینگر کے اندر انجام دی گئیں۔ایس او پی کے تحت پی آئی اے کوالٹی ایشورنس اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر وردی نیس ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں نے بین الاقوامی حفاظتی اور فضائی صلاحیت کے معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے چیک-اے کی سر گرمی کو مونیٹر کیا۔پی آئی اے اسلام آباد انجینئرنگ بیس ناردرن مینٹیننس حب کے طور پر ہوائی جہاز کی دیکھ بھال اور مرمت کی سہولیات میں اضافہ ہے اور اب کراچی کے علاوہ اسلام آباد میں بھی دستیاب ہے۔پہلے یہ چیک اے کی سہولت کراچی انجینئرنگ اسٹیشن پر دستیاب تھی۔اسلام آباد میں انجینئرنگ سہولت کی اپ گریڈیشن سے اسلام آباد میں اے 320 اور بوئنگ 777 طیاروں کی مستقل پوزیشننگ بھی ممکن ہو سکے گی جس سے پروازوں کے شیڈول میں بہتر ی آئے گی اور مرمت اور مینٹیننس کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔سی ای او پی آئی اے اے وی ایم عامر حیات نے چیف انجینئرنگ آفیسر عامر علی اور ان کی ٹیم کو اسلام آباد میں کامیاب چیک اے کرنے پر مبارکباد دی۔پی آئی اے انجینرنگ سہولیات کو بڑھانے سے تھرڈ پارٹی طیارے کی مرمت کر نے کے لئے کوشاں ہے جس سے زائد آمدنی حاصل ہو سکے گی۔