فضل الرحمان نے پنجاب،خیبرپختونخوا الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  اور جمعیت علمائے اسلام  ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے سوال کیا کہ کیا اسمبلیاں وزرائے اعلیٰ نے توڑی ہیں یا ایک لیڈر کے حکم پرعمل کیا گیا؟ کیا پولیس اور اداروں میں الیکشن میں سکیورٹی دینے کی صلاحیت ہے؟

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے ازخود نوٹس لیا کہ الیکشن شیڈول کیوں نہیں دیا جارہا، کاش 2018 کے انتخابات پر ایسا ہوتا، آج سوموٹو لے رہے ہیں؟ یہ کیسے کان ہیں جنہیں 15 لاکھ عوام کی آواز سنائی نہیں دی اور 4 لوگوں پر سوموٹو لے لیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ آج ہمارا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اس لیے ازخود نوٹس لے رہے ہیں جس وقت پورا پاکستان اسلام آباد میں داخل ہوا اس کی آواز سنائی نہیں دی؟ ایک دو آدمی دروزے پر کھٹکھٹا دیں تو آہٹ سنائی دے دیتی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھاکہ غریب کو روٹی مہیا نہیں اور تقاضہ کیاجارہاہے کہ 80 ارب الیکشن کمیشن کو دیے جائیں، ریاست کو بھی دیکھا جائے اور غریب آدمی کو بھی دیکھا جائے، ملک میں امن و امان کی صورتحال انتخابات کےلیے سازگار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال کی جو تصویرپیش کی جارہی ہے، ہماری نظرمیں تصویراس سے بالکل مختلف ہے۔