کوئٹہ(امت نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس لیکج دھماکے سے گھر کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے سرکی کلاں میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں گیس لیکج سے دھماکا ہوا جس کے باعث گھر کی چھت گرگئی۔
واقعے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں گل زمین، عباداللہ، تنزیلہ، مصباح، حماد ، اور طاہرہ بی بی شامل ہیں۔
دھماکے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
زخمیوں میں مولوی عبدالعزیز، صدیق اللہ، محمد غزالی اور امداد اللہ شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ گھر مولوی عبدالعزیز کا تھا اور جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔