پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اردگرد کئی گھنٹے تک کارکنوں کی پولیس سے جھڑپوں اور انکھ مچولی کے بعد اپنی ریلی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سڑکوں پر موجود احتجاجی کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کو لوٹ جائیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تصادم نہیں چاہتے نہ حکومت کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ الیکشن سے بھاگے۔ بدھ کی شام عمران خان نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ کارکن کسی قسم کے انتشار کا حصہ نہ بنیں تاکہ حکومت کو انتخابات سے بھاگنے کا موقع نہ مل سکے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپوں اور انکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران پولیس نے ریلی کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور لاٹھی چارج کے علاوہ واٹر کینن کا استعمال بھی کیا ۔ تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکن بار بار پولیس اہلکاروں پر دھاوا بولتے رہے جبکہ پتھراؤ کر کے کئی پولیس اہلکاروں کو زخمی بھی کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے کارکن باربار ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر آتے اور پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے جب کہ پولیس کی جانب سے ہلکا پھلکا لاٹھی چارج دیکھنے میں آیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف نے لاہور میں ایک ایسے موقع پر ریلی کا اعلان کیا تھا جب صوبائی حکومت نےشہر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ جبکہ عالمی یوم خواتین پر ریلی کے علاوہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے تحت بھی حجاب ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر بھر کی پولیس مختلف علاقوں میں سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو عام آلات کے مقابلے میں زیادہ مشکل کا سامنا ہے۔