علی بلال کی موت گاڑی کی ٹکر سے ہوئی، نگراں صوبائی وزیرکادعویٰ

لاہور(امت نیوز)پنجاب کے نگراں  وزیراطلاعات عامر میر نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کےکارکن علی بلال کی موت گاڑی کی ٹکر سے ہوئی  ۔ جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ تشدد سامنے آئی ہے

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی موت ابھی تک ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔ بظاہر علی بلال کو کسی گاڑی نے ٹکر مار ی ہے، علی بلال کی موت کہاں ہوئی ابھی تک ہمارے لیے یہ ایک معمہ بنا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کوئی پی ٹی آئی کارکن نہیں بتا رہا کہ علی بلال کی موت کہاں ہوئی، اگر علی بلال کی موت ریلی کے دوران ہوئی ہوتی تو پی ٹی آئی والے اُسے فوری اسپتال لاتے مگر اُس کی لاش تین گھنٹے بعد نامعلوم افراد اسپتال میں چھوڑ کر چلے گئے۔

نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آنے میں تین روز لگیں گے، واقعے میں اگر کوئی پولیس والا بھی ملوث ہوا تو کارروائی ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز علی بلال کی موت واقع ہوئی تھی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی بلال کی موت تشدد کی وجہ سے ہوئی، اس کے جسم پر تشدد کے نشان تھے۔

علی بلال کو کل پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا تھا جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی