اسلام آباد (اُمت نیوز ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے 2023 حج پالیسی کا اعلان کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گرنے سے حج پیکج پر اثر پڑا ہے ، اس سال حج11 لاکھ 75 ہزار روپے میں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا ملک بھر میں حج درخواستیں 16 مارچ سے وصول کی جائیں گی، حج فارم منگل سے نامزد بینکوں میں دستیاب ہوں گے۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا اس سال حج پر جانے کے خواہشمند افراد کے لیے عمر کی بالائی حد ختم کر دی گئی ہے تاہم ریگولر حج اسکیم میں 5 سال میں حج کرنے والے درخواست نہیں دے سکیں گے۔
وفاقی وزیر نے حج اخراجات بتاتے ہوئے کہا کہ شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے ہے،
شمالی ریجن میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان، رحیم یار خان، فیصل آباد، سیالکوٹ شامل ہیں، اسپانسرشپ حج کے لیے شمالی ریجن کا تخمینہ 4325 ڈالر لگایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی ریجن یعنی کراچی، کوئٹہ، سکھر سے سرکاری حج کا خرچہ 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہو گا جبکہ جنوبی ریجن کے لیے اسپانسر شپ حج کا تخمینہ 4285 ڈالر لگایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس سال تمام ممالک مکمل کوٹے پر حجاج بھجوا رہے ہیں اسلیے تمام اچھی رہائشوں کے لیے مقابلہ ہے ، توسیع پراجیکٹ برائے حرمین کے سبب متعدد ہوٹل گرا دیے گئے ہیں
اور رواں سال رہائش مہنگی ہے، مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے پاکستانیوں کو سستا حج پاکستان سے ہی پڑتا ہے، ہمارے حج اخراجات آج بھی خطے کے دوسرے ممالک سے کم ہیں