لاہور ( اُمت نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ 29 شعبان المعظم کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
ملک بھر میں ایک ہی دن روزے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں طلب کر لیا ہے۔
رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوگی۔
دوسری جانب سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ امید ہے اس مرتبہ ماہ رمضان کا چاند متفقہ ہوگا
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ صوبوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔
آفتاب درانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش نہیں کرتی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز ہوں گے۔