ریاض/تہران (امت نیوز)سعودی عرب نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا مطلب تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں ۔ دوسری جانب ایران نے سعودی عرب کے ساتھ بحرین سے تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا مطلب تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں تاہم ایران اور سعودی عرب رابطے اور گفتگو سے اختلافات حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی ہم منصب سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مستقبل میں سفیروں کا تبادلہ ہمارے لیے معمول کی بات ہے۔
ادھر ایران کا کہنا ہے کہ وہ بحرین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سیاسی تعلقات کی بحالی غلط فہمیوں کے سفارتی حل کی کامیابی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور بحرین کے مابین تعلقات بھی اس اصول سے مختلف نہیں
ترجمان کا کہنا تھا کہ خطے میں مثبت ماحول کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ دیگر ممالک بشمول بحرین کے ساتھ تعلقات میں بھی مثبت پیشرفت ہوسکتی ہے۔
بحرین نے بھی سعودی عرب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تہران کے ساتھ 2016 میں تعلقات ختم کرلیے تھے۔