اسلام آباد(امت نیوز) ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق عمران خان عمران خان کے وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت کررہے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ کی درخواست پر اعتراض تھے، وہ ابھی فکس کروں گا تو پھر سماعت ہوگی، میں اس کیس کو مقرر کرکے سنتا ہوں، اس عدالت نے ریلیف دیا پھر بھی صورتحال آپ کے سامنے ہے، اس عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ درخواست سنی تھی اور ڈائرکشن دی،افسوس کہ کیا ہوا۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آپ ہمیں سن لیں ہم قانون کے تحت عدالت کومطمئن کریں گے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پہلے ریلیف دیا تھا مگراس عدالتی احکامات کا کیا بنا، احکامات پرعملدر آمد نہیں ہوا، کیا نتائج ہوسکتے ہیں دیکھیں گے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے وکلاء کو اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ لاہور میں جو صورتحال ہے وہ آپ کے سامنے ہیں، جس پر چیف جسٹس جو ہورہا ہے وہ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے، عدالت نے ایک باعزت راستہ دیا تھا، عمل نہیں کیا گیا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی، چیف جسٹس عامر فاروق تھوڑی دیر بعد درخواست پر سماعت کریں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم نےگزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں وارنٹ منسوخ کرنے اور فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔
رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کیا کہ عمران خان کا بائیومیٹرک نہیں کرایا گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس سے قبل عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے تھے اور 13 مارچ کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے جس کےبعد ان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔