کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سےگلشن اقبال میں عوامی سہولت بازار کا انعقاد کیا گیا۔سہولت بازار میں تمام اشیاء ضروریہ خصوصی سبسڈی وڈسکاؤنٹ پر فروخت کی گئیں ۔ بازار صبح 9 سے 5 بجے تک لگایا گیا۔ جہاں سے شہر بھر کے ہزاروں خاندانوں نے استفادہ کیا۔ عوامی سہولت بازار میں عوام کو آٹامارکیٹ 1500 روپے 10کلو کا تھیلا 1200میں فروخت کیاگیا۔ کوکنگ آئل مارکیٹ 550 کا لیٹرجبکہ بازارمیں 440 کا عوام کو فروخت کیاگیا۔کھجوریں ، بیسن ، دالیں ، چینی، سبزی،بچوں و بڑوں کےکپڑے ودیگراشیاء خصوصی ڈسکاؤنٹ پرسیل کی گئیں۔ عوامی سہولت بازار کا افتتاح کراچی کے صدرشہباز عبدالجبار نےمقامی ذمہ داران اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشہبازعبدالجبارکا کہنا تھا کہ مہنگائی اس وقت ملک وقوم کےلیےناسوربن چکی ہے۔روز بروز بڑھتی مہنگائی سے ہرعام و خاص پریشان ہے۔ اورحکومتی اقدامات صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے مہنگائی کے خلاف ایک مضبوط آوازاٹھائی اورمہنگائی مخالف بھرپورتشہیری و احتجاجی مہم چلائی ۔احتجاجی مظاہروں کے دوران ہم نےعوام کواپنی مددآپ کے تحت سہولت دینے کا اعلان کیا تھا ۔ جوالحمداللہ آج پایہ تکمیل تک پہنچا۔ یہ بازاراپنی نوعیت کا پہلا بازار ہے ۔آج تک کسی سیاسی پارٹی نے ایسا قدم نہیں اٹھایا۔ ہم روایتی سیاست سےکرپشن ،جھوٹ،بددیانتی وبداخلاقی کی سیاست کا رخ تبدیل کرکے سیاست انسانیت کی خدمت کےلیے رخ تبدیل کریں گے۔ کراچی میں عوامی سہولت بازاروں کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔
رمضان سے قبل کراچی کے ہرٹاؤن میں عوامی سہولت بازار قائم کریں گے۔ تاکہ مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام کو کچھ ریلیف مہیا کرسکیں۔ شہباز عبدالجبار نےپاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت شروع ہونے والے منصوبہ جات کےبارے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم نے سستی روٹی تندور کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جہاں عوام کو آدھی قیمت پرروٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ہم سفید پوش افراد کا بھرم برقراررکھیں گے ۔ رمضان سے قبل مختلف علاقوں میں مزید 50 تندورلگائے جائیں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے سب سے پہلے سستے سبزی بازاروں کا انعقاد کیا۔ جس کو دیکھتے ہوئے آج خیروالے لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت انہوں نے بازاروں کے قیام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جوکہ قابل تعریف عمل ہے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ اپنے سستے سبزی بازاروں کو شہر کے مختلف علاقوں تک بڑھائے گی۔ شہبازعبدالجبارنےحکومت سے مطالبہ کیا کہ رمضان سے قبل مصنوعی مہنگائی کرنے والوں اورناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالی جائے ۔اورقانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔شہباز عبدالجبار نےمزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی وحکمران جماعتیں آپس کی لڑائیوں کو پس پشت ڈال کرعوام کوسہولت فراہم کرنے کےلیے مفاہمت کا راستہ اختیار کریں ۔
اگر آج حکمرانوں ا ور سیاست دانوں نے عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اگر مہنگائی کو کنڑول نہیں کرسکتے تو کرسی سے اتر جائیں ۔اوردیانت داروخدمت گزارقیادت کو راستہ دیں تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کر سکے۔عوام نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اس اقدام کو خوب سراہااوردیگرجماعتوں کے لیے آئیڈیل قراردیا اورمنتظمین کےمشکورنظرآئے۔