لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتیں آتی رہی ہیں اور جاتی رہی ہیں لیکن ہم نے اپنی بقا اور دفاع کیلیے اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کی ہے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار وزیر خزانہ ہیں اور بات ایٹمی اثاثوں کی کر رہے ہیں، ان کو نیو کلیئر پروگرام کی بات کرنی چاہیے تھی؟، سوال ہے آپ نے یہ بیان کیوں دیا؟، کبھی کہا جاتا ہے ہمارا سیکیورٹی سسٹم مناسب نہیں، یہ بالکل غلط ہے، رضا ربانی نے بھی اسحاق ڈار کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ رضا ربانی کہتے ہیں یہ قیاس آرائیاں جو جنم لے رہی ہیں اس میں حقیقت کیا ہے؟، کیا وزیر خزانہ کو غیر ذمے دارانہ بات کرنی چاہیے؟، مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ کیوں نہیں کر پا رہے؟، حکومتی سینیٹر وزیراعظم سے مطالبہ کر رہے ہیں وضاحت کریں، سینیٹرز کہہ رہے ہیں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا جا رہا؟۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر سمجھتے ہیں حساس باتیں ہیں تو ان کیمرہ سیشن لیا جا سکتا ہے، بھارتی وزیراعظم نے خطاب کیا اور وہ پاکستانی عوام سے مخاطب ہو رہے ہیں، آج بھارت میں جو آر ایس ایس سوچ غالب ہے وہ کسی سے چھپی ہوئی نہیں، وزیر اعظم عوام کو بتائیں کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر اعتماد میں کیوں نہیں لیا جا رہا، وزیر اعظم کو قوم کو اعتماد میں لینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مطالبہ کر رہی ہے وزیر اعظم فوری وضاحت کریں، یہ ایک حساس معاملہ ہے، اگر وزیر اعظم نہیں تو بلاول بھٹو کو وضاحت کرنی چاہیے تھی لیکن بلاول اپنی دنیا میں گم ہیں۔