خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت میں 11 بجے تک کا وقفہ

اسلام آباد (امت نیوز)ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے معاملے پر سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کردیا گیا۔

عمران خان کی جانب سے جونیئروکیل عدالت میں پیش ہوئے اوربتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی وکیل لاہور سے آرہے ہیں، اس لیے کیس کی سماعت میں وقفہ کیا جائے۔

عدالتی عملہ نے سماعت میں 11 بجے تک کے لئے وقفہ کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی آج رخصت پر ہیں۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 14 مارچ کو خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 16 مارچ تک سابق وزیراعظم کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

اس کے بعد 16 مارچ کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایک بار پھر چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے تھے۔عدالت نے عمران خان کو 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔