لاہور ( نواز طاہر/نمائندہ امت) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیاسی ڈائیلاگ سے ملکی معاملات آگے بڑھانے کیلئے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی ہامی بھر لی ہے ۔ یہ کل جماعتی کانفرنس سول سوسائٹی کی جانب سے بلائی جائے گی جس میں ملک کی تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا جبکہ اس پر کام جاری ہے اور اسی حوالے سے سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد نے زمان پارک لاہور میں منگل کی شام پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں عمران خان نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات، مقدمات کے اندراج کی رفتار اور انتخابی عمل متاثر ہونے کے امور کا خاص طور پر ذکر کیا۔ اس ملاقات میں سیاسی عمل کسی تعطل کے بغیر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے اور عمران خان کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کی سیاسی جماعت کو مبینہ طور پر دہشت گرد قرار دینے کی کوشش کی مخالفت اور مزاحمت کی جائے گی ۔ وفد نے عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں سول سوسائٹی کی مجوزہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ ملاقات میں شامل سول سوسائٹی کے نمائندے محمد تحسین نے ’ امت‘ کو بتایا کہ ہمارے وفد کا بنیادی مقصد سیاسی مکالمے کی حوصلہ افزائی اور سیاسی جماعتوں کو جمہوری وسیاسی نظام مکالمے کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوششوں سے آگاہ کرنا اور انہیں اس میں شامل ہونے کی دعوت دینا تھا ،ملاقات میں عمران خان نے واضح کیا کہ وہ پہلے ہی ایک سے زائد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ مذاکرات کیلئے ٹیبل پر بیٹھنے کیلئے تیار ہیں ، محمد تحسین نے بتایا کہ اے پی سے کے حوالے سے عمران خان سے ملاقات خوش آئند ہے جنہوں نے اے پی سی میں شمولیت کی ہامی بھری ہے ۔ اب مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین سے بھی بات کی جائے گی جبکہ چار جماعتوں سے ہم پہلے ہی گفتگو کرچکے ہیں جن میں پہی ڈی ایم کا حصہ جماعتیں بھی شامل ہیں۔ عمران خان سے ملاقات کرنے والے سول سوسائٹی کے وفد میں سینئر صحافی امتیاز عالم۔ مجیب الرحمن شامی ۔عابد ساقی اور کئی دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔