پنجاب،خیبرپختونخوا میں زلزلہ :جاں بحق افرادکی تعداد 9 ہوگئی، 44 زخمی

پشاور(امت نیوز) خیبرپختونخوا میں زلزلے سے مختلف حادثات میں 9افرادجاں بحق اور 44افرادزخمی ہوئے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

اسلام آباد پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں زلزلے سے مختلف حادثات میں 9افرادجاں بحق اور 44افرادزخمی ہوئے۔

سیکریٹری ریلیف عبدالباس اورڈی جی پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں موجود ہے ، سیکریٹری ریلیف نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اب تک اطلاعات کے مطابق صوبہ بھرمیں 19 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور سول ڈیفنس کوالرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سےرابطےمیں ہے، صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، عوام ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 یا 1122 پر دیں۔

یاد رہے گذشتہ شب اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلے سے درو دیوار ہل گئے، سامان بکھرگیا اور کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکزکا کہنا تھا کہ ریکٹراسکیل پرزلزلےکی شدت چھے اعشاریہ آٹھ ریکارڈکی گئی، زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجکر سینتالیس منٹ پر آیا۔

زلزلے کا مرکز افغانستان میں نوہندوکش کا خطہ تھا،گہرائی ایک سواسی کلومیٹرتھی، زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیرکے دور دراز کے شہروں تک محسوس کیے گئے۔