فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلحہ و پیٹرول بم برآمد ہونے والے 9 پی ٹی آئی کارکنان کی ضمانت خارج

لاہور: عدالت نے پی ٹی آئی کے 93 کارکنان کی ضمانت منظور جبکہ اسلحہ و پیٹرول بم برآمد ہونے والے 9 پی ٹی آئی کارکنان کی ضمانت خارج کردی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ہنگامہ آرائی، جلاؤگھیراؤ، پولیس تشدد، کار سرکار میں مداخلت کیس میں گرفتار100 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کی بعد ازگرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے درخواستوں پر سماعت کی، ملزمان کے وکیل یوسف وائیں ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کیے تھے، جس پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مقدمہ میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان نے جیل سے وکلا کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، جس میں مؤقف پیش کیا کہ ملزمان کا اس مقدمہ میں کوئی قصور نہیں، ان پر جھوٹا اور سیاسی مقدمہ بنایا گیا، عدالت ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے 93 کارکنان کی بعد از گرفتاری درخواست منظورکرلی اور 9 کارکنان کی بعد از گرفتاری درخواست خارج کردی گئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے فیصلہ سنایا،اسلحہ اور پیٹرول بم برآمد ہونے والے کارکنوں کی ضمانت خارج کردی گئی۔