لاہور(اُمت نیوز)وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی جانب سے اچانک جناح ہسپتال کا دورہ کیا گیا ہے، وزیر اعلی نے ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی نےجناح ہسپتال میں مریضوں اور تیمارداروں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے پوچھا اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلی نے ہسپتال کے امور سے متعلق کمیٹی روم میں جاری اجلاس میں بھی شرکت کی، وزیر اعلیٰ کو جناح ہسپتال میں مریضوں کے ڈائیلسز پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا گیا
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے تعاون سے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا،
گوہر اعجاز نے جناح ہسپتال میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مثال قائم کی ہے،وزیر اعلی نے چیئرمین، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ،ایم ایس ہسپتال اور فیکلٹی ممبرز سے بھی ملاقات کی ۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم ، معروف سماجی وکاروباری شخصیت گوہر اعجاز، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔