سندھ(اُمت نیوز) سندھ کے 15 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتک موصول ہونیوالے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نشستیں جیتنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔
نتائج کے مطابق لاڑکانہ کی ڈوکری ٹاؤن کمیٹی وارڈ نمبر 2 میں بھی پیپلزپارٹی کے امیدوار بشیر تھیم پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جی ڈی اے حبیب اللہ کھوکھر دوسرے نمبر پر، پی ٹی آئی امیدوار امام الدین جلبانی یہاں بھی پیچھے ہیں۔
کندھ کوٹ کی یونین کونسل 28 سے بھی پیپلز پارٹی کے ضلع کونسل کے امیدوار میر احمد رضا سندرانی نے میدان مار لیا ہے، یہاں جے یو آئی امیدوار رئیس ظفر بھیو دوسرے نمبر پر ہیں، چیئرمین کی نشست پر بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کاشف علی بھیو نے کامیابی حاصل کر لی، جنرل کونسل کی نشست بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد صلاح نے جیت لی۔
نواب شاہ کی یونین کونسل 8 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قاضی رشید بھٹی پہلے، ایم کیو ایم کے یعقوب آرائیں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار بہت پیچھے ہیں، اولڈ نواب شاہ سے بھی پیپلز پارٹی کے علی احمد چیئرمین اور غلام مصطفی وائس چیئرمین بن گئے۔
یونین کونسل سومر جمالی سے پیپلز پارٹی کے قربان علی آرائیں اور علی احمد بروہی کامیاب ہوئے۔