میری گاڑی پر حملہ کرکے شیشے توڑے گئے،عمران خان۔پولیس کی تردید

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں کھڑی میری خالی گاڑی پر حملہ کرکے شیشے توڑے گئے۔ ہمارے فوٹوگرافر پر حملہ کیا گیا، پولیس اور سادہ لباس افراد نے گرفتار کیا۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے تردید کرتےہوئے کہا کہ عمران خان کی دونوں گاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 18مارچ کی طرح آج پھر ہمارے کارکنوں پر حملے کیے گئے، ہمارے فوٹوگرافر پر حملہ کیا گیا، پولیس اور سادہ لباس افراد نے گرفتار کیا۔ تشدد اور اغوا سے پر امن شہریوں کو مشتعل کرنے کی انتہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ فاشزم آئی جی اسلام آباد کی ایما پر کیا جارہا ہے، یہ سب پی ٹی آئی کے حامیوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر مقدمات میں گرفتاریاں کی گئی ہیں، عمران خان کی دونوں گاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا

 

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی کسی گاڑی کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔اگر کوئی اس طرح کے واقعے کی رپورٹ موصول ہوئی تو پولیس تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر مقدمات میں 38 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے