کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مردم شماری مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار نجی شعبے سے مردم شماری دوبارہ کرانے اور ڈیٹا تک رسائی دینےکا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نےکہا کہ گزشتہ روز سربراہ ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کے اعداد و شمار جاری کیے گیے، یہ اعداد و شمار اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہمارے خدشات درست ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کی 46 فیصد آبادی کو گنا جاچکا ہے، شہر کی آبادی کو زیادہ سے زیادہ 2کروڑ دکھانے کا منصوبہ نظر آ رہا ہے، سندھ کے شہروں کی آبادی کم اور دیہی آبادی کو بڑھا چڑھا کر دکھایا جارہا ہے، شمارکنندگان ایک گھر جاتے ہیں،4 چھوڑ دیتے ہیں، ٹیب میں ڈیٹا ڈالا جاتا ہے یا نہیں معلوم نہیں، ہماری 66 فیصد آبادی کو لاپتا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو یہ ڈر لگ چکا ہےکہ اگر کراچی کی آبادی کو درست شمار کرلیا گیا تو اگلا وزیر اعلیٰ کراچی سے جیتنے والی پارٹیوں کا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے شمار کنندگان کے ذریعے سے مردم شماری میں دھاندلی کی جا رہی ہے، ایم کیو ایم پاکستان اس مردم شماری میں اب تک کے آنے والے نتائج کو مسترد کرتی ہے۔