کراچی(اسٹاف رپورٹر ) واٹر بورڈ کے مسلم ملازمین کو عید بونس کیلئے 38کروڑاور30 عازمین حج کے لیئے ساڑھے تین کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے واٹر بورڈ ملازمین کے مسائل فوری حل کرنے کے سلسلے میں ذاتی دلچسپی لیتے ایک اور اچھا اقدام اٹھاتے ہوئے واٹر بورڈ کے تمام مسلم ملازمین کیلئے لیو انکیشمینٹ و عید فیسٹول بونس سمیت تمام عیسائی ملازمین کیلئے ایسٹر ایڈوانس کی منظوری دینے کے بعد لیبر ویلفیئرآفیسر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،اس ضمن میں سی ای او واٹر بورڈ نے فنانس ڈپارٹمنٹ واٹر بورڈ کو پابند کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین کو لیو انکیشمینٹ، ایسٹر ایڈوانس سمیت عید فیسٹول بونس 10 اپریل تک دیا جائے، اس سلسلے میں سی ای او واٹر بورڈ نے آر آر جی ڈپارٹمنٹ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کی آمدنی بڑھانے کیلئے بہتر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اس عمل میں تیزی لائی جائے تاکہ ملازمین کو عیدالفطر سے قبل لیو انکیشمینٹ، ایسٹر ایڈوانس سمیت عید فیسٹول بونس دیا جاسکے، ڈائریکٹر اکائونٹس واٹر بورڈ کے مطابق سی ای او واٹر بورڈ کی جانب سے ملازمین کیلئے ٹوٹل 431 ملین کی ادائیگیاں دینے کی منظوری دی گئی ہے، جس میں لیو انکیشمینٹ اور عید فیسٹول بونس کیلئے 380 ملین، ایسٹر ایڈوانس کیلئے 16 ملین جبکہ واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے حج کی سعادت کے سلسلے میں 2019 اور 2020 میں ہونے والی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب ملازمین جو کرونا وائرس کی وجہ سے حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکے تھے اور رواں سال قرعہ اندازی میں کامیابی پانے والے ٹوٹل 30 حاجیوں کیلئے 35 ملین کی فوری طور ادائیگی کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے، اس موقعے پر سی ای او واٹر بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انکے تمام مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے فلاح و بہبود کیلئے مزید موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا واٹر بورڈ ملازمین کا ادارے کے استحکام، نیک نامی سمیت شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ہے، دوسری جانب لیو انکیشمینٹ، ایسٹر ایڈوانس سمیت عید فیسٹول بونس کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن واٹر بورڈ، سی بی ای سمیت تمام مزدور رہنماؤں اور افسران و ملازمین نے سی ای او واٹر بورڈ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔