لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سب متفق ہیں کہ انتخابات سے متعلق کیس پر فل کورٹ بنایا جائے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے ٹرک یا ریڑھی والے کا معاملہ نہیں ہے، قوم آنکھیں کھولے اس کے ساتھ بھیانک مذاق ہورہا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ قوم کو مقروض کردیا گیا ہے، ایک ایک ڈالر کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کھڑے ہوجائیں، ثاقب نثار اور دیگر ریٹائرڈ جج قوم کو بتائیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا۔
نوازشریف نے سوال کیا کہ کیا سارے فیصلے عمران خان کے لیے کرنے ہیں ۔کیا اس بات پر سو موٹو نہیں بنتا کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی ،یہ قوم پر مرضی کے فیصلے تھونپنا چاہتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، ہمارے دورمیں دہشت گردی ختم ہوگئی تھی، 2017 میں بھی اس قسم کا بینچ بنا تھا جس کی وجہ سے ملک کا مستقبل تاریک نظرآتاہے، قوم کے لوگوں دیکھو، اپنی آنکھیں کھولو، یہ آپ کےساتھ گھناؤنا مذاق ہورہا ہے، 2017 کے بعد دیکھیں آپ کے ساتھ کیاہوا، پہلے آپ پیٹ بھر کر کھانا کھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیدھی بات ہے جب بینچ ہی قبول نہیں تو فیصلے کیسے قبول ہوں گے ایک شخص کی خاطر اس طرح کے فیصلے سنائے جارہے ہیں ،قوم کو ان ہی بینچ کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا،جسٹس شوکت صدیقی نے باتیں کہیں کیا اس کا نوٹس لیا گیا