اسلام آباد(امت نیوز) سپریم کورٹ نے انتخابات کیس میں اکتیس مارچ کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کا ہے۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کیلئے فنڈزاور سیکورٹی کی فراہمی سے متعلق سوالات پر جواب کے لیے اٹارنی جنرل کی مزید مہلت کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کو چند سوالات کے جوابات کےلیے کہا گیا، الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اور مالی حوالے سے مشکلات کا اظہار کیا، اٹارنی جنرل نے جوابات کےلیے وقت مانگا، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری دفاع پیر کے روز ساڑھے 11 بجے پیش ہوں۔
سپریم کورٹ نے سیکریٹری دفاع، سیکریٹری خزانہ کو بھی پیر کو ساڑھے گیارہ بجے طلب کرلیا، حکم نامے میں جسٹس جمال خان مندوخیل کے بینچ سے الگ ہونے کے معاملے کو شامل نہیں کیا گیا۔