کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ،ناظم آباد ودیگر علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکومارے گئے۔ذرائع کے مطابق کورنگی لیبراسکوائر کے قریب مکان میں لوٹ مار کی نیت سے داخل ہونے والے ڈاکوؤں کا پولیس سے مقابلہ ہوگیا ،مقابلے کے نتیجے میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق کورنگی نمبر3بنگالی پاڑہ لیبراسکوائر کے قریب مکان میں لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے تو پڑوسیوں نے 15مددگار پو لیس کو اطلاع دی ،جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورمکان کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا،جنہیں دیکھ ملزمان نے اہلخانہ کو یرغمال بنالیا اور پولیس پر فائرنگ شروع کردی ،پولیس نے حکمت عملی کے تحت جوابی فائر نگ شروع کی تو تینوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق مذکورہ مکان میں حال ہی میں دبئی سے ایک فیملی آئی تھی ،اور فیملی کے تمام افراد بالکل محفوظ ہیں ،پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشوں کو اپنے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی تاہم تینوں کی عمریں 25سے 30سال کے درمیان ہیں ،پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثنا منگھوپیر کے علاقے اجتماع گاہ کے قریب اے وی سی سی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا زخمی ملزم کی شناخت اعزادار کے نام سے ہوئی جبکہ ساتھیوں کی شناخت ظفر حسین اور امان اللہ کی نام سے ہوئی پولیس کےمطابق گرفتارملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں ملزمان کے قبضے سے 3 پستول برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد بلاک(این)نزدڈینٹل کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا،جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہورہا تھا اسے عوام نے پکڑ لیا اورتشدد کا نشانا بنا ڈالا، اس دوران فائرنگ کی زد میں آکر 16سالہ زہین عرف مصباح دختر حمید زخمی ہوگئی ، ڈی ایس پی شوکت اعوان کے مطابق ملزمان نے ناصر بیکری کے قریب ایک شہری سے لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے تو پولیس موقع پر پہنچ گئی،ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، اس دوران فائرنگ کی زد میں آکر لڑکی زخمی ہوگئی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اوردو فرار ہونے لگے، اس دوران ایک ملزم کو عوام نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بناڈالا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا،پولیس نے ہلاک اورزخمی ڈاکو جبکہ مضروبہ لڑکی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔