تل ابیب(امت نیوز) لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقوں پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔جس سے دو اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی سرزمین سے 100 کے قریب راکٹ شمالی اسرائیلی علاقے میں داغے گئے ۔
اسرائیلی فوج نے راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ راکٹوں کا ہدف مغربی الجلیل میں یہودی بستیاں تھیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق راکٹوں کے ٹکڑے لگنے سے دو اسرائیلی شہری زخمی ہوئے جبکہ صیہونی فوج نے جواب میں جنوبی لبنان کے علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔
صیہونی میڈیا کے مطابق تازہ ترین صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے فوج اور سکیورٹی حکام کو طلب کر لیا جبکہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنانی فوج بھی اسرائیل سرحد کے قریب علاقوں میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی فوج نے اسرائیل پر حملے میں استعمال ہونے والے راکٹ پیڈز کی تلاش شروع کر دی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لبنانی سرحد کے قریب یہودی بستی میں راکٹ گرنے سے مقامی مارکیٹ میں آگ لگ گئی جبکہ راکٹ حملے کے بعد اسرائیل نے شمالی علاقوں میں جہازوں کی آمدورفت روک دی ہے۔