مسجد اقصیٰ بے حرمتی ،سراج الحق کی اپیل پر سندھ میں بھی احتجاجی مظاہرے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کیخلاف جمعہ کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں سندھ میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،حیدرآباد، سکھر،ٹھٹہ، کشمور، کراچی سمیت سندھ میں ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں وعلمائے کرام نے خطاب کیا جبکہ شرکاءنے اسرائیلی درندگی اور بیت المقدس کی پکار الجہاد الجہاد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کا قبلہ اول پر دھاوا اور مرد،خواتین وبچوں پر بدترین تشدد، گرفتاریاں کھلی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے، رمضان کے مقدس ماہ میں مسلمانوں کو اپنے قبلہ اول میں عبادت سے روکنا اور انہیں بربریت کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے،ناجائز صحیونی ریاست مقبوضہ بیت المقدس کی اسلامی شناخت مٹانے کے درپے ہے۔حرمین شریفین کے بعد قبلہ اول مسلمانوں کا تیسرا مقدس مقام ہے، جس پر اسرائیل نے 1967ءسے ناجائز قبضہ جما رکھا ہے، بین الاقوامی قانون میں اس قبضے کی کوئی گنجائش نہیں۔ صوبائی امیر نے خبردار کیا کہ انتہا پسند صہیونی حکومت مقبوضہ بیت المقدس کی اسلامی شناخت مٹانے کے درپے ہے، جس کے لیے یہودی آبادکاروں کے ذریعے منظم کوششیں روز مرہ کا معلوم بنتی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے لئے اسرائیلی عدالتوں سمیت جبر اور طاقت کا ہر ہتھکنڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔ تھرپارکر مٹھی میں کشمیر چوک پر احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر میر محمد بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی غیر معمولی تعداد کی مسجد اقصیٰ آمد کے موقع پر یہودی آبادکاروں کو اشتعال انگیز تلمودی عبادات کی اجازت دے کر اسرائیل نے تصادم کی راہ ہموار کی۔اہالیاں قدس بالخصوص قبلہ اول کے دفاع کی خاطر مسجد اقصیٰ میںعبادت کرنے والے جوان مرد وخواتین کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مسجد اقصیٰ میں ناپاک قدم رکھنے والے اسرائیلی فوجیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر اسرائیلی سٹن گرینیڈز، اشک آور گیس اور ربڑ کی گولیوں کی پرواہ کیے بغیر دفاع اقصیٰ کا فرض کفایہ ادا کیا، جس پر پوری امت مسلمہ انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔جماعت اسلامی یوتھ ضلع ٹھٹھ کی جانب سے گھارو شہر میں احتجاجی مظاہرہ مولانا عبدالسمیع ہالیپوٹو امیر جماعت اسلامی تحصیل میرپورساکرو نورمحمد کوریجو ابرھیم ناھیو حمزہ ناھیو یونس ناھیوں، اسماعیل حماد راجپوت و دیگر کی سربراہی میں کیا گیا جس میں جے آئی یوتھ اور جماعت اسلامی گھارو کے رہنماو¿ں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں مسجد اقصی میں جو ظلم اور بربریت اسرئیلی فوج کی جانب سے ظالمانہ کاروائیوں نہتے فلسطینی عوام پر بدترین اور وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں ،پاکستانی حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کے امت مسلمہ کے قبلہ اول مسجد اقصی کی بے حرمتی کے اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایاجائے اور تمام مسلم ممالک کا ہنگامی اجلاس بلاکر اسرائیل کیخلاف کاروائی کی جائے تاکہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر مظالم کا طویل سلسلہ رک سکے اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت ہو، اس موقع پر شہر کے عوام نے بڑی تعداد موجود شرکت کی۔#