اسلام آباد(امت نیوز)حافظ قرآن 20 اضافی نمبر کیس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تفصیلی نوٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا۔
تفصیلی فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لکھا ہے کہ ازخود نوٹس نمبر 4/2022 میں 29 مارچ کا حکم 4 اپریل کا نوٹ منسوخ نہیں کر سکتا، متکبرانہ آمریت کی دھندمیں لپٹے کسی کمرہ عدالت سے نکلنے والے فیصلے آئین کو برطرف نہیں کر سکتے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ عشرت علی وفاقی حکومت کے ملازم ہیں، عشرت علی کو ڈیپوٹیشن پر بطور رجسٹرار سپریم کورٹ بھیجا گیا، عشرت علی کو 3 اپریل کو وفاقی حکومت نے بذریعہ نوٹیفکیشن واپس بلا لیا، عشرت علی کو وفاقی حکومت نے فوری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عشرت علی نے وفاقی حکومت کے حکم کی تعمیل سے انکار کر دیا، چار اپریل کو عشرت علی نے خود کو غلط طور پر رجسٹرار ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جسٹس اطہر من اللہ کا تفصیلی نوٹ بھی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن سے متعلق از خود نوٹس چار تین سے مسترد ہوا، ازخود نوٹس کی کارروائی نے عدالت کو غیر ضروری سیاسی تنازعات سے دوچار کر دیا ہے۔