افغانستان (اُمت نیوز)افغانستان میں موسیقی نشر نہ کرنے کی یقین دہانی پر خواتین کے ریڈیو اسٹیشن کی نشریات بحال کردی گئیں۔
گزشتہ دنوں طالبان نے رمضان کے دوران موسیقی نشر کرنے پر ریڈیو کی نشریات بند کردی تھیں۔
افغان صوبے بدخشاں میں ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کلچر معیز الدین احمدی کا کہنا تھاکہ ریڈیو انتظامیہ کی جانب سے ملکی قوانین و ضوابط کی پاسداری کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد نشریات بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔
اس حوالے سے ریڈیو اسٹیشن کی منتظم ناجیہ سروش کا کہنا تھا کہ ہم نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو موسیقی نشر نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد نشریات بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افغانستان کا واحد ریڈیو اسٹیشن ہے جس کااکثریتی عملہ خواتین پر مشتمل ہے، ریڈیو اسٹیشن کے 8 ملازمین میں سے 6 خواتین ہیں۔