ملک بھرمیں ایک ساتھ انتخابات،سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور

کراچی(امت نیوز)سندھ اسمبلی نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات مئی میں کرانے کی بجائےصوبوں اور وفاق میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی

قرارداد پیش ہونے کے دوران پی ٹی آئی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے، ڈیسک بجائے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے قرارداد کوعدلیہ کے خلاف قراردیتے ہوئے پی ٹی آئی اراکین کے ہمراہ اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوکرایوان میں نعرے بازی کی، پھر احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے باہرچلے گئے اور اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔

ایوان میں قرارداد پیپلزپارٹی کے رکن گنھور اسران نے پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق ایک عدالتی فیصلے کی وجہ سے تنازع پیدا ہوا ہے، جس میں چار معزز ججز نے سوموٹو کو برخاست کر دیاجبکہ تین معزز ججوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کومئی میں انتخابات کی ہدایات جاری کیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے 18ویں آئینی ترمیم کی روح الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بااختیار بنانا اور عام انتخابات کے وقت نگراں حکومتیں بنانا تھا، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں ہوں۔

1973ء کےآئین کی گولڈن جوبلی پر آئین بنانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد سندھ اسمبلی میں مفتفقہ طورپر منظورکرلی گئی