ہزاروں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں ہزاروں فرزندان اسلام آج 20رمضان المبارک 11اپریل منگل کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے،راولپنڈی ۔اسلام آباد ۔کراچی سمیت ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔علاوہ ازیں ملک بھر میں گھروں اور مساجد میں خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں اس حوالے سے مساجد میں خصوصی انتظامات جبکہ معتکفین اور مساجد کی سکیورٹی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ماہ مقدس رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسلمان اعتکاف کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی قربت اور لیلۃ القدر کی تلاش میں ملک بھر کےچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہات کی مساجد میں فرزندان توحید20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے۔ اعتکاف بیس رمضان المبارک کو نماز عصر کے بعد سے شروع ہوکر عید الفطر کاچاند نظر آنے تک جاری رہتاہے۔اعتکاف کے دس دن معتکفین تلاوت قرآن پاک، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی اور اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے بخشش کی دعائیں کریں گے۔اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات کئےگئے ہیں ،عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔

 

 

اعتکاف /سعادت