ٹیکسلا (امت نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایچ آئی ٹی کی تکنیکی صلاحیتوں، جاری منصوبوں کی پیشرفت، مقامی بنانے کی کوششوں اور حال ہی میں کیے گئے جدید اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے لیے فراہم کردہ ٹینکوں، اے پی سی ریموٹ ویپن سسٹمز اور دیسی ساختہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل کی تیاری اور اپ گریڈیشن کا مشاہدہ کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا دفاعی پیداوار میں خود انحصاری حاصل کرنے اور قومی برآمدات اور معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف نے اہلکاروں کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایچ آئی ٹی کو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی ضروریات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پورا کرنے کے لیے جدید دفاعی پیداوار کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔