کراچی(اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایات پر واٹر بورڈ انتظامیہ نے یومِ حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے، ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق واٹر بورڈ حکام نے یومِ حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر تمام مساجد، امام بارگاہون، مجالس گاؤں، سبیلوں اور جلوس کے راستوں پر فراہمی و نکاسی آب کی تمام شکایات کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے تمام مین ہولز کو مناسب اور محفوظ طریقے سے ڈھانپ کر رکھا گیا ہے تاکہ عزاداروں اور عبادت گزاروں کو کسی دشواری کا سامنا کرنا نہ پڑے، سی ای او واٹر بورڈ کی ہدایات پر یومِ حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر واٹر بورڈ کا تمام آپریشنل اور فیلڈ سٹاف پانی اور سیوریج کی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہتے ہوئے موجود رہیگا، علاؤہ ازیں تمام مساجد، امام بارگاہون، مجالس گاؤں، سبیلوں اور جلوس کے راستوں پر پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، اس ضمن میں نشتر پارک، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں، ایم اے جناح روڈ، کے ایم سی بلڈنگ، این جے وی سکول سمیت مزار قائد پر واٹر ٹینکرز پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سوک سینٹر ہیڈ آفس پر واٹر ٹینکرز اسٹینڈ بائی پر کھڑے کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل کی ہدایت پر فوکل پرسن ہائیڈرنٹس سیل یومِ حضرت علی علیہ السلام کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، سی ای او واٹر بورڈ نے انچارج ہائیڈرنٹس سیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یومِ حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ اور جعفریہ الائنس پاکستان سے مکمل رابطے میں رہتے ہوئے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔