کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ بدھ کو کراچی سمیت ملک بھرمیں عقیدت و احترام سےمنایاگیا،سندھ بھرمیں مجالس عزاکا انعقاد کیا گیا اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔
کراچی میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کے سلسلے میں ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام مرکزی مجلس شہادت حضرت علی صبح10بجے نشترپارک میں منعقد ہوئی،جس میں سوز خوانی و سلام کے بعد مولانا امین شہیدی نے مجلس عزا سے خطاب کیا،بعد مجلس بوتراب اسکاوٴٹس کی قیادت میں جلوس علم و تابوت و ذوالجناح برآمد ہوا۔
شرکا جلوس محفل شاہ خراساں سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچے،نماز ظہرین مسجد و امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پرعلامہ اصغر حسین شہیدی کی امامت میں اداکی گئی۔نماز ظہرین کے بعد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، سی بریز ،صدر دواخانہ منسفیلڈ اسٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بھٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
یوم علی کی جلوس کے لیے سندھ بھرمیں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھےکراچی میں یوم شہادت حضرت علی کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جلوس برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ سے گزرگاہوں کی مکمل سوئپنگ کی۔جلوس برآمد ہونے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں اورفضائی نگرانی کی گئی جبکہ جلوس کے روٹ اوراس سے متصل بازاراور گلیاں سیل کردی گئی تھیں۔