سستے پٹرول کی فراہمی کا منصوبہ جلد شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد(اُمت نیوز) موٹر سائیکل مالکان کو سستے پٹرول کی فراہمی کا منصوبہ جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کو سستے داموں پٹرول کی فراہمی کے منصوبے کیلئے صوبوں سے رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا طلب کر لیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے جسے نادرا سے منسلک کیا جائے گا،
کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ سستے داموں پٹرول فراہم کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان کی جانب سے صوبے میں رجسٹرڈ 5 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا وفاقی حکومت کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غریب عوام کو پٹرول پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔