کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرعلی زیدی کو دس سال پرانے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، جس کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا
ابراہیم حیدری پولیس نے شہری سے جعلسازی کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کومقدمہ درج کرکےسندھ ہاوس سے گرفتار کرلیا
پولیس نےجعلسازی کا مقدمہ دس سال بعد درج کیا ، پی ٹی آئی کے رہنماوں اور کارکنان نے حکومت سندھ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور تھانے کے باہر جمع ہوگئے ۔
پولیس حکام نے بتایاکہ علی زیدی کے خلاف ابراہیم حیدری تھانے میں شہری فضل الہیٰ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 144/2023بجرم دفعات 468/471/420.506/34کے تحت درج گزشتہ روز درج کیا گیا ، مقدمہ مدعی نے ایف آئی آر میں علی زیدی کو نامزد کرایا ،پولیس حکام کے مطابق علی زیدی پر فراڈ اورجان سے مارنے کی دھمکی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ،
مقدمہ کے متن کے مطابق علی زیدی نے مدعی سےپانچ مارچ 2013 میں اٹھارہ کروڑ روپے لیے، ایک فائل دی جس کی قیمت سولہ کروڑ پچھتر لاکھ روپے تھی، ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے چھ ماہ بعد دینے کا وعدہ کیا جب میں وقت مقررہ پر رقم کا تقاضہ کیا تو ملزم ٹال مٹول کرنے لگا، رقم نہ ملنے پر فائل بیچنا چاہی تو وہ فائل بھی جعلی نکلی، ملزم سے رقم کے لیے بار بار رابطہ کرنے پر دھمکیاں ملنے لگیں،
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو صوبائی سیکریٹریٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ سندھ اہلکار بغیر کسی وارنٹ کے پارٹی دفتر میں داخل ہوئے، سندھ علی زیدی پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں تنظیمی عہدیداران سے ملاقات کررہے تھے،سول اور یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں نے علی زیدی کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا ، اہلکار جاتے وقت دفتر سے کچھ افراد کے موبائل فونز بھی ساتھ لے گئے،
پی ٹی آ ئی کے رہنماوں اور کارکنان نے سندھ پارٹی دفتر پر چھاپہ اور صوبائی صدر کی گرفتاری کی مذمت کی ،
پولیس ذرئع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل اور فکس اٹ عالمگیر خان کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیاجارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق علی زیدی ریئل اسٹیٹ کا کام کرتے تھے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد ابراہیم حیدری تھانے پہنچ گئی ، پولیس نے تھانے کا گیٹ بندکردیا اوران کی ملاقات کرانے سے بھی گریز کیا گیا ۔