اے ٹی آر طیاروں کے حادثوں کی ذمہ دار پی آئی اے انتظامیہ قرار

کراچی(امت نیوز)پی آئی اے انتظامیہ  کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث  اے ٹی آر طیاروں کے دو حادثات کی وجہ  سے ایئرلائن  کو پونے تین ارب روپے سے زائد نقصان ہوا۔ یہ انکشاف آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ  22-2021 میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں پی آئی اے انتظامیہ کو حادثات کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے کہا گیا ہے  کہ قومی ایئرلائن کی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے کراچی اورگلگت ایئرپورٹ پر اے ٹی آر ساختہ طیاروں کے حادثات پیش آئے جس کی وجہ سے سے ایئرلائن کو مجموعی طورپر 2 ارب 79کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

کراچی ایئرپورٹ پر24 نومبر 2018 کو اے ٹی آر طیارہ حادثے کی وجہ سے  تقریبا ایک ارب 40  چالیس  کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ بعدازاں  20 جولائی 2019 کو گلگت ایئر پورٹ پر طیارے  کے حادثے میں بھی کم و بیش اتنا ہی نقصان اٹھانا پڑا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی  تحقیقاتی رپورٹ میں حادثات کی مختلف وجوہات بیان کی  گئی تھیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں درکارمینٹینس کے متعلقہ آلات میں خرابی ،ایئرلائن مینٹینس کریو میں پروفیشنلزم کی کمی درج کی گئی، اس کے علاوہ ایس اوپیز پرعملدرآمد میں ناکامی، بروقت فیصلہ کرنے میں تاخیر اور فرسٹ افسر کے کردار کا بھِی ذکر ہے۔

ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے کی گئی انکوائری میں پائلٹس کی غلطی پر مبنی جواب دیا گیا۔ آڈیٹرز کی انکوائری رپورٹ شیئر کرنے اور متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کی ہدایات کی گئی ہے