گورنر سندھ نے عید کے روز پورے کراچی کو لنچ پر بلا لیا

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید کے روز گورنر ہاؤس میں پورے کراچی کو لنچ کی دعوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے گلزار ہجری اسکیم 33 میں گزشتہ روز سحری کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہرِ کراچی کی سڑکیں خراب ہیں وہ ٹھیک کرنی ہیں۔ کل ڈی جی آڈٹ کو بلا کر آڈٹ کرواؤں گا کہ 3 سال سے سڑکیں کیوں نہیں بنیں؟

کامران ٹیسوری نے کہا کہ گزشتہ روز سحری کے بعد گلشن معمار سے گورنر ہاؤس واپس جارہا تھا تو ایک ایک سڑک دیکھ رہا تھا، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ کہاں ہیں وہ کنٹریکٹر جو اربوں کے کنٹریکٹ لے کر سورہے ہیں؟

گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم صاحب خدارا کم سے کم تنخواہ 50 ہزار کردیں۔ سی ایم صاحب نیک نیت انسان ہیں، امید ہے وہ کام کریں گے۔ حال ہی میں انہیں افطار کی دعوت دی تھی لیکن طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ نہ آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے کراچی کیلیے گورنر ہاؤس میں اس عید الفطر لَنچ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پورے کراچی کو گورنر ہاؤس میں دعوت دیتا ہوں جہاں لنچ کے ساتھ عید ملن پارٹی اور قوالی کا بھی انتظام ہے۔