اسلام آباد: پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کی جانب سے ’’سپریم کورٹ بل‘‘ پر حکم امتناع دینے کے خلاف کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بار کونسل کے زیر انتظام آل پاکستان بار کونسلز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسل کے عہدے داروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ہارون رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ازخود نوٹس کے اختیارات چیف جسٹس صاحبان اپنے لیے استعمال کرتے رہے، چیف جسٹس صاحبان کے ازخود نوٹس کے اختیار کے استعمال سے ملک کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ دو ججز کے از خود نوٹس پر انتخابات کا از خود نوٹس لیا گیا، انتخابات کا معاملہ ہائی کورٹس میں زیر التوا تھا، کے پی اور پنجاب اسمبلیاں کیوں ٹوٹیں اس پر از خود نوٹس لیا جانا چاہیے تھا مگر ایک جماعت کی مرضی چلاتے ہوئے از خود نوٹس لیا گیا، تمام ادارے حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں، پارلیمنٹ نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے اپیل کا حق دیا۔
ہارون رشید نے کہا کہ از خود نوٹس کیلیے قانون بننا چاہیے، سپریم کورٹ کے حکم امتناع پر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، عدالت حکم امتناع واپس نہ ہوا تب تک احتجاج جاری رہے گا اور کل ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔