(فائل فوٹو)

سوڈان میں نیم فوجی دستوں کا پلڑا بھاری۔ لوٹ مار شروع ہوگئی

خرطوم(امت نیوز) سوڈان میں فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے، اور فریقین نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے ہیں، نیم فوجی دستوں کا پلڑا فوج پر بھاری نظر آرہا ہے، تاہم فوج نے ان پر فضائی حملے کئے ہیں، اس دوران دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف شہروں میں لوٹ مار بھی شروع ہوگئی ہے، جبکہ پانی اور خوراک کی قلت سامنے آرہی ہے، تفصیلات کے مطابق سوڈان کی فوج میں بغاوت کے بعد روس کے حامی سمجھے جانے والے نیم فوجی دستوں ریپڈ سپورٹ فورسز(آر ایس ایف) کے سربراہ جنرل حمدان نے دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، فوجی ہیڈکوارٹر اور صدارتی محل پر بھی ان کے حامی دستوں کا قبضہ ہے، اور فوج نے یہاں طیاروں سے بمباری کی ہے، فریقین دارالحکومت کے اہم مقامات پر قبضے کے لئے کوشش کررہے ہیں،

فوج نے ٹی وی اسٹیشن پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم آر ایس ایف نے اس دعوے کو ویڈیو جاری کرکے مسترد کیا ہے، جس میں آر ایس ایف کے اہلکار ٹی وی اسٹیشن پر موجود ہیں،خرطوم ائرپورٹ پر آر ایس ایف کا کنٹرول ہے، تاہم جھڑپیں جاری ہیں، جب کہ فوجی طیاروں نے بمباری بھی کی ہے، اب تک غیر ملکی ائرلائنوں سمیت 20 طیارے تباہ ہوچکے ہیں، جن میں سعودی ائرلائن کا طیارہ بھی شامل ہے، تمام غیرملکی ائرلائنز نے سوڈان کے لئے پروازیں روک دی ہیں،خرطوم کے بڑے پولیس اسپتال پر بھی آر ایس ایف نے قبضہ کرلیا ہے، اور انہو ں نے شہریوں کو وہاں سے نکال کر اپنے زخمی اہلکاروں کے علاج کے لئے اسے مختص کردیا ہے، دارالحکومت خرطوم میں جھڑپیں جاری ہیں، اور فوج اور نیم فوجی دستے آپس میں لڑ رہے ہیں، اس کے ساتھ لوٹ مار بھی شروع ہوگئی ہے،

لڑائی کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، اور بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہے، لوگ گھروں میں محصو رہیں، جبکہ شہریوں کی ہلاکتیں 100 سے تجاوز کرگئی ہیں، شہر میں خوف و ہراس کی فضا ہے، اور کاروباری شخصیات کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ شہر میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار شروع ہوسکتی ہے، بجلی کا نظام معطل ہونے کے باعث شہر میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے، اور لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پانی اور خوراک ختم ہورہی ہے، فوج کے خلاف بغاوت کرنے والی ریپڈ سپورٹ فورسز کے اہلکاروں پر خرطوم میں گھروں میں گھس کر لوٹ مار کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں،دارفورکے علاوہ نیالا اور زیلنگی میں بھی فوج اور آر ایس ایف میں لڑائی جاری ہے، جبکہ ان علاقوں میں بھی لوٹ مار شروع ہوگئی ہے، دار فور میں عالمی امدادی تنظیم ’’سیو دی چلڈرن ‘‘ کا دفتر لوٹ لیا گیا ہے، جس کے بعد تنظیم نے سوڈان میں عارضی طور پر اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تنظیم کا کہنا ہےکہ لوٹ مار کے باعث اسے اسپتالوں میں ادویات پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے،

سوڈان لوٹ مار