عید قریب آتے ہی نئے کرنسی نوٹوں کا کالا دھندہ عروج پر پہنچ گیا

کراچی (امت نیوز)عیدالفطر پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے نوٹ جاری نہیں کئے، کراچی والے بلیک میں زائد پیسے دیکر کرارے نوٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

عید کے دن قریب آتے ہی کراچی کی بولٹن مارکیٹ نئے نوٹوں کی جنت بنی ہوئی ہے، جہاں اضافی رقم لے کر ایک ہزار سے لیکر 10 روپے کے نوٹ کی گڈی کھلے عام بلیک میں فروخت کی جارہی ہے۔20 روپے والی پر 400 جبکہ50 روپے کی گڈی کی فروخت پر 350 روپے اضافی رقم وصول کی جارہی ہے۔

خریداروں کے رش کی وجہ سے دکانداروں کے بھی نخرے بڑھ گئے ہیں، بچوں کی عیدی کیلئے کرارے نوٹ لینے کیلئے آئے شہریوں نے خریداری کو مجبوری قرار دیا۔

بولٹن مارکیٹ کی کرنسی بازار میں پرائز بانڈ کے ساتھ ساتھ یومیہ لاکھوں روپے کے نئے کرنسی نوٹوں کا کھلے عام کاروبار ہوتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کیلئے ماضی کی طرح سہولیات فراہم نہ ہونے پر شہری بلیک مارکیٹ سے نوٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔