سوڈان میں 600 افراد ہلاک،70 فیصد ہسپتال بند

سوڈان (اُمت نیوز)سوڈان کے وزیر صحت ہیثم ابراہیم نے آج جمعہ کو العربیہ اور الحدث سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے تمام اسپتالوں میں اب تک 600 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ سوڈان میں 413 افراد ہلاک اور 3,551 زخمی ہیں۔
طبی اداروں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں درجنوں افراد ضروری آلات اور بجلی کی کمی کی وجہ سے مر رہے ہیں، جبکہ خرطوم کی گلیوں میں کئی دنوں سے لاشیں پڑی ہیں۔
ہسپتالوں میں ضروری سامان کی کمی کی وجہ سے علاج میں رکاوٹ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ایک ڈاکٹر نے ’’ٹاس ایجنسی کو بتایا کہ "لوگ اپنے گھروں میں بھی مر رہے ہیں، کیونکہ ہم انہیں نہیں نکال سکتے، اور انہیں دفن کرنا بھی ممکن نہیں۔ لاشیں تین یا چار روز سے پڑی ہیں”
انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں آنے والے زخمیوں کے زخم شدید نوعیت کے ہیں۔
بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے کہا کہ اس کا عملہ سوڈان میں مزید طبی سامان لانے سے قاصر ہے، اور "اگر صورتحال نہ بدلی تو مزید جانی نقصان ہوگا۔”
انہوں نے بتایا کہ "الفاشر میں تنظیم کے تحت چلائے جانے والے ہسپتال میں طبی سامان صرف 3 ہفتے تک کے لیے کافی ہے”
سوڈان میں ہلال احمر تنظیم نے العربیہ کے ذریعے طبی عملے کے لیے محفوظ راستے کھولنے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل، سوڈان ڈاکٹرز سنڈیکیٹ کی ابتدائی کمیٹی نے کہا کہ فوج اور سریع الحرکت فورسز کے درمیان جھڑپوں کے علاقوں سے ملحقہ 70% ہسپتال خدمات فراہم نہیں کر پا رہے۔

سنڈیکیٹ نے کہا کہ دارالحکومت اور دیگر ریاستوں میں 78 میں سے 55 بنیادی اسپتالوں کو کام سے روک دیا گیا ہے، جبکہ باقی ہسپتال عملے، طبی سامان کی سپلائی، بجلی اور پانی کی کمی کی وجہ سے بند ہونے کا خدشہ ہے۔