کراچی (امت نیوز) ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوا،گورنرسندھ کامران ٹیسوری،ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹرسیف الرحمن غیرملکی سفرا ، سیاسی وسماجی رہنما اورشہریوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پولو گراؤنڈ میں نمازعید ادا کی۔علاوہ ازیں شہر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات نشتر پارک، محفل شاہ خراساں، کنزالایمان، سبیل والی مسجد، عید گاہ ناظم آباد، نیو میمن مسجد،جناح گراؤنڈ، مسجد خیر العمل،فیضان مدینہ مسجد،بہارشریعیت مسجد،ٹی گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا،عیدگاہ گراؤنڈ کورنگی، دارالعلوم کراچی،مدنی مسجد دستگیر،سفید مسجد کورنگی سمیت دیگرمختلف علاقوں کی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کے لیے درد محسوس کر رہے ہیں، قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔