کراچی کے چڑیا گھر میں بیمار ہتھنی نور جہاں چل بسی

کراچی(امت نیوز) کراچی کے چڑیا گھر میں کئی دنوں سے بیمار ہتھنی انتقال کر گئی جس کی تصدیق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے کی۔ ڈاکٹر سیف الرحمان کے مطابق کل سے ہتھنی نورجہاں بخار میں مبتلا تھی جسے بچانے کے لیے تمام کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ نور جہاں کا علاج عالمی ماہرین کی زیر نگرانی میں کیا گیا، گزشتہ دنوں ہتھنی کے علاج کے لیے فورپاز کی ٹیم بھی کراچی آئی تھی۔

ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر کنور ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نور جہاں کی طبیعت نومبر سے خراب تھی، فورپاز کی ٹیم کل کراچی پہنچ رہی ہے، فورپاز کی ٹیم خود ہتھنی کا پوسٹ مارٹم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہتھنی نور جہاں کی تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا، فورپاز اور پاکستانی ٹیم نے ہتھنی کو بچانے کی کوششیں کیں۔ کنور ایوب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے ہتھنی نور جہاں کی طبیعت زیادہ خراب تھی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے لیکن ہتھنی نور جہاں کے انتقال پر دکھ ہوا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نورجہاں کا کچھ ماہ پہلے آپریشن کیا گیا تھا، جس کے بعد پیچیدگیوں کے باعث ہتھنی کو چلنے پھرنے میں دشواری تھی۔