(فائل فوٹو)

سوڈان میں 800پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، سفیر

خرطوم(امت نیوز) سوڈان میں پاکستانی سفیر میر بہروز نے کہا ہے کہ سوڈان میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے انخلا سے متعلق کوششیں کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ سعودی مسافروں کے ساتھ صرف ایک پاکستانی لڑکی جہاز میں سوار تھی جو سعودی ائیر لائن سے منسلک ہے، پاکستانی مشن کے پاس تقریباً 800 پاکستانیوں کی فہرست موجود ہے جن کا انخلا کرانا ہے، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بس سروس کا ہے جس کا بندوبست کیا جارہا ہے

پاکستانی سفیر کے مطابق مسافر بسوں کو پورٹ تک لے کر جانا ہے بذریعہ بحری جہاز پاکستانی مسافروں کو سعودی عرب، مصر یا قریبی مخفوظ ملک پہنچائیں گے، محفوظ ملک پہنچنے کے بعد وہاں سے بذریعہ فلائٹ وہ پاکستان آئیں گے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں پیرا ملٹری فورس نے اپنی فوج کے خلاف بغاوت کردی ہے اور سیاسی بحران کے شکار ملک میں عدم استحکام اور امن و امان کی مخدوش حالت مزید ابتر ہوگئی ہے،  5 روز سے جاری جھڑپوں میں ہلاکتیں 410 سے تجاوز کرگئیں جبکہ 2 ہزار کے قریب زخمی ہیں