لاہور: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیرپرویز خٹک کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر پرویز الٰہی نے سعد رفیق سے ہاتھ ملایا، ایاز صادق سے گلے ملے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز الٰہی کی سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی رہائشگاہ آمدہوئی،پرویز الٰہی نے پرویز خٹک سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی ٹیلی فون پر پرویز خٹک سے اظہار تعزیت کیا۔
حکومت اور اپوزیشن لیڈر شپ میں پرویز خٹک کی رہائش گاہ پر غیر رسمی ملاقات ہوئی،پرویز خٹک کی اہلیہ کی تعزیت پر پرویز الٰہی سے ایاز صادق اور سعد رفیق کا آمنا سامناہوا، خواجہ سعد رفیق اورچودھری پرویز الٰہی کا آپس میں مصافحہ کیا،ایاز صادق بھی چوہدری پرویز الٰہی سے گلے ملے ۔
اس موقع پر پرویز الٰہی اور ایاز صادق نے کانوں میں سرگوشی کی اور بحران کے حل کیلیے مختصر بات چیت کی،سیاسی شخصیات میں یہی موضوع زیر بحث رہا کہ سیاسی بحران کا حل کیا ہوگا؟
حکومت اور اپوزیشن رہنماﺅں نے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پیدا بحران کا حل نکلنا چاہئے،سعد رفیق نے اسد قیصر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا تو آپ سے رابطہ ہے، سنا ہے پی ٹی آئی نے نام تبدیل کردیئے۔
پرویز الٰہی نے کہاکہ نگران حکومت کی مدت ختم ہو گئی ہم نے تو پنجاب اور کے پی سے متعلق پٹیشنزدائر کردیں،ساری باتیں اس بات پر ہورہی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے احترام پر قائم ہیں، سیاسی باتوں کا مقصد ایک ہی دن اکٹھے الیکشن ہو سکیں۔
سیاسی رہنماﺅں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں کی بحالی میں بحران حل کرنے، آئندہ انتخاب کی ایک تاریخ میں کردار ادا کرسکتی ہے، نگران حکومت کی مدت ختم ہونے پراب نیا بحران آگیا ہے، اسمبلیاں بحال ہو جائیں تو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔
سیاسی رہنماﺅں نے رائے دی کہ اکتوبر میں ایک ہی وقت میں الیکشن کیلیے ضروری ہے دونوں اسمبلیاں بحال ہو جائیں ، حکومت اور اپوزیشن تجویز کا جائزہ لے تاکہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مسائل حل کیے جائیں ۔