سکھر (امّت ویب ڈیسک )سکھر کے قریب کراچی ایکسپریس کو پیش آنے والے المناک حادثے کے نتیجے میں ایک خاندان کے 5 افراد سمیت 7 مسافر جاں بحق ہوگئے۔وزارت ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ متاثرہ بوگی علیحدہ کرنے کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا ہے۔
واقعے سے متعلق موصولہ تفصیلات کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سی بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ٹرین کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔تاہم فائر بریگیڈ کی گاڑی ڈیڑھ گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی اور نصف گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا اس دوران دو مسافر جاں بحق اور چار لاپتہ ہو چکے تھے۔بعد ازاں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی جن میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں۔
ان میں سے 70 سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کو چ سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئیں اور چل بسیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں پیش آیا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کےلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد جمعرات کی صبح پونے سات بجے ٹرین کو جانب منزل روانہ کر دیا گیا ہے۔