انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک)ترکیہ نے روس کے تعاون سے تعمیر کیے گئے ملک کے پہلے جوہری پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا۔
ترک خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق جمعرات کو ترک صدر رجب طیب ایردوان نے تقریب سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ ترکی 60 سال کی تاخیر کے بعد دنیا میں جوہری طاقت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے، اکویو پاور پلانٹ کو ہوا اور سمندر کے ذریعے جوہری ایندھن کی ترسیل کے ساتھ اس پلانٹ نے اب ایک جوہری پلانٹ کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔
اکویو جوہری پلانٹ ترکیہ کے جنوبی صوبے مرسین میں تعمیر کیا گیا ہے جس کی پیداواری صلاحیت 4,800 میگاواٹ اور چار ری ایکٹرز تک متوقع ہے، جوہری پلانٹ اس سال کے آخر میں بجلی کی پیداوار شروع کرنے کے قابل ہوجائے گا۔
اکویو جوہری پلانٹ کے لیے ترکی اور روس کے درمیان ایک بین الحکومتی معاہدے پر مئی 2010 میں دستخط کیے گئے تھے اور پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب 3 اپریل 2018 کو منعقد ہوئی تھی جس کے بعد پہلے یونٹ پر تعمیر شروع ہوئی۔