مذاکرات میں کسی کی جیت،کسی کی ہار نہیں ،قمرزمان کائرہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مذاکرات میں کسی کی فتح اور کسی کی شکست نہیں ہے، آج سے بہتر سفر شروع ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ بات طے ہے پارلیمان سپریم ہے، باقی عدلیہ کا احترام ہے، اس کی اپنی حیثیت ہے، عدالت سے انکار کرکے جمہوریتی عمل نہیں چلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کے راستے کھولنے چاہئیں  ۔ نہ کھلنے کی وجہ سے سیاسی جماعتیں آمنے سامنے تھیں، اب یوں لگ رہا تھا کہ پارلیمان اور عدلیہ بھی آمنے سامنے آگئے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اب باہر نکلنے کی صورتحال پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، مذاکرات میں کسی کی فتح اور کسی کی شکست نہیں ہے، آج سے بہتر سفر شروع ہوا ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ میں کوئی فریق شرط نہیں رکھ سکتا البتہ اپنا ایجنڈا رکھ کر بیٹھ سکتا ہے، ہماری طرف سے ایک اصول طے ہے کہ ملک میں بیک وقت انتخابات ہونا چاہئے۔

مولانا فضل الرحمان کے مذاکرات میں حصہ نہ لینے پر پی پی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم سربراہ کا عمران خان کے رویے پر غصہ جائز ہے لیکن ہمیں غصے پر قابو پا کر آگے بڑھنا ہے۔