لاہور(امت نیوز)پی ٹی آئی کارکنان کے نہ نکلنے کی وجہ سے پرویز الہی پارٹی قیادت سے ناراض ہیں۔چوہدری پرویز الہی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے دبے الفاظ میں گلے شکوے کر ڈالے۔سابق وزیراعلیٰ نے عمران خان سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کا صدر ہوں، کارکنان میرے لیے نہیں نکلے۔ ۔ پرویز الٰہی نے کہا میری رہائشگاہ پر کئی گھنٹے آپریشن جاری رہا لیکن پی ٹی آئی کارکن زمان پارک میں بیٹھے رہے پنجاب کی قیادت بھی نہیں پہنچی۔ اسی طرح سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس رات پیش آنے والے واقعہ پر روشنی ڈالوں گا، ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کہ ملکی سطح پر معاملات مزید خراب ہوں، پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے، کچھ لوگ واقعات کو غلط رنگ دے کر عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس پرویز الٰہی کے گھر گئی تو انہیں بتایا گیا کہ پرویز الٰہی چوہدری شجاعت کے گھر ہیں، پولیس والے پرویز الٰہی کے گھر کو چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑ پڑے۔پولیس میرے دروازے پر پہنچی تو دونوں بیٹے دروازے کی طرف تھے، پولیس اہلکار آگے بڑھ رہے تھے تو میرے دونوں بیٹوں نے انہیں روکا، پولیس نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔ دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے مگر دروازہ نہ ٹوٹ سکا، میرے دونوں بیٹے اس صورتحال میں زخمی ہو گئے،چوہدری سالک کے ہاتھ پر ٹانکے لگے۔