ہالا(نامہ نگار) مٹیاری کے بینظیر انکم سپورٹ دفتر میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، امداد کا لالچ دیکر 3 ملزمان خاتون کو بہلا پھسلا کر لے گئے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر پر خواتین کے ہجوم میں تین مسلح افراد نےشادی شدہ مستحق خاتون کو امداد کا لالچ دے کر مبینہ طوریر بہلا پھسلا رکشے میں لےجاکر درگاہ سخی ہاشم شاہ کے قریب ایک کمرے میں اجتماعی زیادتی کانشانہ بنانے کے بعد بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ خاتون کے شوہر سہنا ماچھی نےپی پی سی کےتحت میرمحمد،فتح محمد،موسو ماچھی کے خلاف کورٹ کے حکم پر مقدمہ درج کرادیا ہے،فریادی شوہر نے الزام عائد کیاہے کہ ان کی بیوی کو تین ملزمان نے شربت میں نشہ ملاکر رکشہ میں لےجاکر درگاہ سخی ہاشم کے قریب کمرے میں زیادتی کانشانہ بنایا، جس کی فریاد عدالت میں کی گئی، جس پر کارروائی کرکے ملزم میر محمد ماچھی کو گرفتار کرلیاگیاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاڑکانہ میں انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی،جس میں وہ احتجاج کرتے ہوئے انکم سپورٹ مرکز عملے پر الزام عائد کررہی تھیں کہ ہم سے کہا جارہا ہے ہمارے ساتھ چلو یا اپنی رقم کی ادائیگی کیلئے لڑکیاں فراہم کرو،انہوں نے حکام سے نوٹس لینے کابھی مطالبہ کیا تھا۔