اسلام آباد (امت نیوز) ملک میں ایک ہی دن الیکشن کروانے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے حکمران جماعت اور تحریک انصاف کے درمیان اہم بیٹھک آج پھر ہوگی۔
مذاکرات کا تیسرا اور متوقع طور پر فائنل دور رات 9 بجے سینٹ سیکریٹریٹ میں ہوگا، حکومت کمیٹی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، خواجہ سعد رفیق، نوید قمر، طارق بشیر چیمہ اور کشور زہرہ شامل ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور سینیٹر علی ظفر کریں گے۔
کمیٹی آج پھر ملک میں ایک ہی دن الیکشن کروانے کے معاملے پر بحث کرے گی، پی ٹی آئی اور حکمران اتحاد کے وفود آج قیادت کے مشورے کے بعد اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے، اور دونوں فریقین حتمی مذاکرات کرکے کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پی ٹی آئی کو دوسرے مذاکراتی دور میں آئی ایم ایف اور بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دے چکی ہے، جس کے مطابق حکمران اتحاد بجٹ پیش کرنے تک حکومت برقرار رکھنا چاہتا ہے، جب کہ تحریک انصاف 14 مئی تک حکومت کے خاتمے کی خواہشمند ہے۔
ذرائع کے مطابق جون میں بجٹ پیش کرکے قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق ہوسکتا ہے، انتخابات اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں ہونے پر اتفاق ہوا تو 14 مئی کے انتخابات مؤخر ہو جائیں گے، آج کوئی نتیجہ نہ نکلا تو مذاکراتی عمل ختم ہو سکتا ہے، مذاکرات کا حتمی مرحلہ ہوگا یا آگے مزید جاری رکھنے پر اتفاق ہوگا آج فیصلہ ہوجائے گا۔